a
اسلام آباد:شہباز شریف نے یومِ مزدور کے موقع پر پاکستان کے محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر میں مزدوروں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ محنت کش مزدور پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں، کھیتوں، تعمیراتی شعبے اور دیگر صنعتوں میں کام کرنے والے مزدور ملکی ترقی کے حقیقی معمار ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، بہتر اجرت، محفوظ کام کے ماحول اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی خوشحالی دراصل پاکستان کی خوشحالی ہے۔
انہوں نے تمام مزدوروں کو یومِ مزدور کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے محنت کشوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔





