اسلام آباد: پاکستان میں مہنگائی نے ایک بار پھر عوام کو پریشان کر دیا ہے، جہاں گھی اور کھانے کے تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے شہریوں کو حیران کر دیا ہے۔ روزمرہ استعمال کی یہ بنیادی اشیاء مہنگی ہونے سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی بڑی وجوہات میں درآمدی لاگت میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ صرف گھریلو اخراجات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے اثرات ہوٹلنگ، بیکری آئٹمز اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء پر بھی پڑیں گے، جس سے مجموعی مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بروقت پالیسی فیصلے نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔





