اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پیش گوئی کے مطابق بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم چند مقامات پر تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔