جدید ٹیکنالوجی یا دھوکا؟ روس میں پٹرول بچانے والی “فیول گولیاں” مقبول ہونے لگیں

جدید ٹیکنالوجی یا دھوکا؟ روس میں پٹرول بچانے والی فیول گولیاں مقبول، ماہرین نے خبردار کردیا

ماسکو: روس میں ایندھن کی قلت اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ڈرائیوروں میں نام نہاد “فیول ٹیبز” یا پٹرول بچانے والی گولیوں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ان مصنوعات کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ ایندھن کے جلنے کے عمل کو زیادہ مؤثر بنا کر گاڑی کی مائلیج میں اضافہ کرتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ان گولیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مختلف کمپنیوں کی جانب سے فروخت کی جانے والی یہ مصنوعات صارفین کو کم ایندھن میں زیادہ فاصلہ طے کرنے کا وعدہ کرتی ہیں۔

تاہم ماہرین نے ان دعوؤں پر سوالات اٹھاتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان گولیوں میں شامل بعض کیمیکل گاڑی کے انجن اور فیول سسٹم کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان مصنوعات کی افادیت کے حوالے سے کوئی واضح سائنسی ثبوت موجود نہیں، جبکہ بعض ماہرین انہیں محض ایک “انجن پلیسبو” قرار دیتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قلت اور مہنگائی کے باعث پریشان صارفین ایسی مصنوعات کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں، لیکن گاڑی مالکان کو کسی بھی نئی ٹیکنالوجی یا پروڈکٹ کے استعمال سے قبل مستند معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔