اسلام آباد: غیر ملکی وفود کی آمد و روانگی کے پیشِ نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں ۲۶ سے ۲۸ نومبر تک خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت فیض آباد بس ٹرمینل بند رہے گا اور میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق فیض آباد بس ٹرمینل ۲۶ نومبر شام ۶ بجے سے ۲۷ اور ۲۸ نومبر کی درمیانی رات ساڑھے ۱۲ بجے تک مکمل طور پر بند رہے گا۔ سیونتھ ایونیو میٹرو اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس ۲۶ نومبر رات ۱۰ بجے سے اسی وقت تک معطل رہے گی۔
اس دوران موٹروے اور جی ٹی روڈ کے راستے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا۔ مارگلہ ہلز کی ہائیکنگ ٹریل نمبر ۳ اور ۵ بھی ۲۷ نومبر کو صبح ۶ بجے سے رات ۱۱ بجے تک عوام کے لیے بند رہیں گی۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے منصوبہ بندی کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ تازہ صورتحال کے لیے اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
بشکریہ: پاکستان آبزرور