اسلام آباد: میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ یکم دسمبر ۲۰۲۶ء سے اس کے تمام دفاتر، ڈائریکٹوریٹس اور شعبوں میں صرف ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کی جائیں گی۔
کیش لیس اسلام آباد منصوبے کے تحت جاری دفتری حکم نامے کے مطابق سرکاری ٹیکس، سروس فیس، جائیداد کا کرایہ، جرمانے اور لائسنس فیس اب نقد وصول نہیں کیے جائیں گے۔ چیک، پے آرڈر اور ڈیمانڈ ڈرافٹ بھی قبول نہیں ہوں گے۔
تمام شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ۳۰ نومبر تک نقد وصولی بند کر دیں، دستی رسید بکس سیل کر کے اکاؤنٹس آفس کے حوالے کریں اور دفاتر میں نئے طریقۂ کار کے بارے میں عوامی نوٹس آویزاں کریں۔ ڈائریکٹرز سات دن میں عمل درآمد کی رپورٹ چیف آفیسر کو جمع کرائیں گے۔
حکم نامے کے مطابق یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی اور متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کے سربراہ کو بھی ذاتی طور پر جواب دہ ٹھہرایا جا سکے گا۔ شہری ایم سی آئی کے واجبات کی ادائیگی کے لیے موبائل بینکنگ یا دیگر ڈیجیٹل ذرائع تیار رکھیں۔
بشکریہ: ڈیلی پاکستان