بلاول بھٹو کا حکومت پر تنقید، وزیراعظم کو ٹیم کنٹرول کرنے کا مشورہ

بلاول بھٹو کی تنقید، وزیراعظم کو ٹیم کنٹرول کرنے کا مشورہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، تاہم کابینہ کے بعض ارکان حکومتی کوششوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے معاملے پر ایک وفاقی وزیر کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات تنازعات کم کرنے کے بجائے مزید بڑھاتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ اپنی ٹیم کو مؤثر انداز میں کنٹرول کریں اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے تمام فریقین کو مناسب موقع فراہم کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ایک بیان پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ کے کشمیریوں کے بارے میں دیے گئے ریمارکس پر معافی مانگنے کا موقع موجود تھا، مگر ایسا نہیں کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے مہاجرین کی مخصوص نشستوں، اتحادی سیاست اور کراچی کے مسائل پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کامیابی دراصل پاکستان کی کامیابی ہے اور پیپلز پارٹی ملک کے استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہتی ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں 90 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔