اسرائیل اور لبنان کے درمیان اہم مذاکرات، جنوبی لبنان کی سیکیورٹی پر پیش رفت متوقع

اسرائیل لبنان مذاکرات، جنوبی لبنان میں پیش رفت متوقع

واشنگٹن: امریکا کی حمایت سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان ایک اہم پائلٹ منصوبے پر مذاکرات جاری ہیں، جن کا مقصد جنوبی لبنان میں سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا اور خطے میں استحکام کو فروغ دینا ہے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت جنوبی لبنان کے بعض علاقوں کا کنٹرول مرحلہ وار لبنانی فوج کے حوالے کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد مقامی سیکیورٹی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور کشیدگی میں کمی لانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں تعینات کیے جانے والے لبنانی فوجیوں کو امریکا تربیت فراہم کرے گا اور ان کی مکمل جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔ اسرائیل اس بات پر زور دے رہا ہے کہ تعینات اہلکاروں کا حزب اللہ سے کسی قسم کا تعلق نہ ہو۔

اسرائیلی حکام کے مطابق منصوبے کے باوجود جنوبی لبنان کے بفر زون میں اسرائیلی فوج اپنی موجودگی برقرار رکھے گی تاکہ ممکنہ سیکیورٹی خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب لبنانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور امریکی محکمہ خارجہ میں جاری ہے، جس میں فوجی اور سیاسی وفود شریک ہیں۔ تین روزہ مذاکرات کے دوران سیکیورٹی، سرحدی انتظامات اور سیاسی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا استحکام کی راہ ہموار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔