اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں (جیم اسٹونز) کے شعبے میں اصلاحات تیز کرنے اور پتھروں کی شناخت اور سرٹیفکیشن کے لیے عالمی معیار کی لیبارٹریز قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کے تقریباً 30 کروڑ قیراط کے ذخائر ہیں۔ 9 ہزار سے زائد کان کن 30 سے زیادہ اقسام کے پتھر نکالتے ہیں اور 5500 سے زائد کاروبار اس شعبے سے وابستہ ہیں، مگر کان کنی کے دوران 50 فیصد سے زیادہ پتھر ضائع ہو جاتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے جدید کان کنی کے طریقے اپنانے اور ویلیو چین بنانے کا حکم دیا تاکہ خام پتھر کے بجائے تیار مال برآمد ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستانی ماسٹر ٹرینرز کو خصوصی تربیت کے لیے سری لنکا اور تھائی لینڈ بھیجا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں سہولتی مراکز کے لیے 4 ارب 10 کروڑ روپے کا منصوبہ جاری ہے۔
بشکریہ: ڈان